شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا

 
0
39388

لاہور مارچ 31 (ٹی این ایس): قائد حزب اختلاب اور مسلم لیگ پاکستان کے صدر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاوَن ہو گا یا نہیں ؟

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھا دیا ہے۔ قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لیے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے۔ کورونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لیے فوری پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ کورونا پر پارلیمانی صحت کی قائمہ کمیٹی کا ویڈیو لنک پر اجلاس بلایا جائے.

اس سے قبل شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا رویہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پنجاب میں بڑی تباہی دیکھ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیسٹ نہ کرنے کے فیصلے سے قوم کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں، ٹیسٹنگ اور اسکریننگ سے متعلق تمام ڈیٹا سامنے لایا جائے۔