امریکا میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد، اٹلی اور اسپین کو پیچھے چھوڑ دیا

 
0
40848

واشنگٹن مارچ 31 (ٹی این ایس): گزشتہ دو دنوں میں امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اتنی تیزی سے اضافہ ہوا ہے کہ اس نے اٹلی اور اسپین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

امریکا میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 409 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 163500 تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اس حوالے سے کورونا وائرس ٹاسک فورس کی بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہمارے پاس 10 کمپنیاں ہیں جو وینٹی لیٹرز بنارہی ہیں جنہیں ہم نے اجازت دیدی ہے جب کہ دوسرے ممالک تو کبھی اس کی صلاحیت نہیں رکھتے، میرے خیال سے ہم جلد اچھے حالات میں ہوں گے‘۔

امریکی شہر نیویارک میں سب سے زیادہ ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد نیویارک کے گورنر نے ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سائنسدانوں، حکومتی پروفیشنلز کو ٹرمپ کے سامنے کھڑے ہونا چاہیے اور انہیں بتانا چاہیے کہ یہ کوئی سیاسی سرگرمی نہیں، کوئی اخباری تعلق نہیں، کیا انہیں یہ واضح نہیں کہ موت کا سونامی آرہا ہے‘۔

اٹلی ہلاکتوں کے اعتبار سے سرفہرست

ادھر یورپی ملک اٹلی میں تیزی سے بڑھتے کیسز میں کمی آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا لیکن اعداد و شمار کے مطابق یہاں کیسز کی مجموعی تعداد 101739 ہے جو تمام ممالک کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار ہے جو پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔

اسپین میں 24 گھنٹوں کے دوران 800 سے زائد ہلاکتیں

گزشتہ ہفتے سے اسپین میں بھی تیزی سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 24 گھنٹے کے دوارن 800 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7340 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 87956 ہے۔