وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی راشد ربانی کورونا کا شکار

 
0
344

کراچی 06 مئی 2020 (ٹی این ایس): ذرائع کے نمائندے ارباب چانڈیو کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، راشد ربانی نے وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور قرنطینہ میں ہیں۔

بعد ازاں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور ان کے خاندان کے 9 افراد میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

خیال رہے کوروناوائرس سے ملک بھر میں چوبیس گھنٹےکےدوران چالیس افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 526 تک جا پہنچی ہے جبکہ ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد22ہزار550 اور کوروناکےصحتیاب مریضوں کی تعداد 6ہزار 217ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کی تھی جبکہ صوبائی حکومتیں صوبوں میں صورت حال کے مطابق فیصلہ کریں گی۔