کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس مسترد، گورنرسندھ نے اعتراضات لگا دیئے

 
0
7151

کراچی 07 مئی 2020 (ٹی این ایس): گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس پر اعتراضات لگادئیے، عمران اسماعیل نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی ذیلی شقوں پر اعتراض کیا۔

گورنر سندھ نے اعتراض میں کہا بجلی اور گیس بل میں کمی، کٹوتی یا رعایت صوبائی حکومت کا دائرہ اختیار نہیں، یہ دائرہ اختیار وفاق کا ہے، بجلی، گیس کے بل میں کمی یا رعایت وفاقی حکومت کا اختیار ہے، بجلی، گیس بل میں رعایت کا وفاقی حکومت پہلے ہی فیصلہ کرچکی ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ وفاقی حکومت ریلیف کا کام بڑھا رہی ہے، آئین کے تحت بجلی، گیس کے معاملات وفاق کے کنٹرول میں ہیں، وفاق ملک بھر کے عوام بشمول سندھ میں ریلیف فراہم کررہاہے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ریلیف سرگرمیوں کا دائرہ بڑھایا جارہا ہے، حکومت کسی خوف،امتیازی سلوک کے بغیر ریلیف کا کام جاری رکھےگی۔

خیال رہے سندھ کابینہ نے27اپریل کو کورونا ریلیف آرڈیننس منظوری کے لیے گورنر کو بھیجا تھا۔

یاد رہے سندھ کابینہ نے کوروناوائر س آرڈیننس کی منظوری دی تھی، آرڈیننس کے تحت کسی بھی ملازم کو نوکری سے نکالا نہیں جاسکتا اور پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازم کو تنخواہ لازمی دینا ہوگی۔