معاشی سرگرمیوں اور کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات میں توازن رکھنا ہے: وزیراعظم عمران

 
0
267

اسلام آباد 18 مئی 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان سے صدر وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت انجم نثار نے ملاقات کے دوران کورونا ریلیف فنڈ کے لیے 2 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔اس موقع پر نائب صدور ڈاکٹر محمد ارشد اور قیصر خان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر حکومت نے صنعتوں کو کام جاری رکھنے کی سہولت دی،صنعت کار ملازمین کے لیے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے معاشی سرگرمیوں، کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات میں توازن رکھنا ہے۔ انہوں نے ایوان کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیے کو سراہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروبار کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،لاک ڈاؤن سے کہیں زیادہ خطرہ بھوک اور افلاس کا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیصلے زمینی حقائق اور عوام کی حالت دیکھ کر کرنے ہیں، جب تک معیشت بحال نہیں ہوجاتی نادار طبقے کی مشکلات بڑھیں گی، کاروبار کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، لاک ڈاؤن میں نرمی کا اقدام نہایت مجبوری میں اٹھانا پڑا۔