2 ماہ بعد مسافر ٹرینیں کل 20 مئی سے شروع، حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزی پر مسافروں پر جرمانہ بھی ہوگا

 
0
13325

اسلام آباد 19 مئی 2020 (ٹی این ایس): ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریلوے عامر نثار کے مطابق 2 ماہ بعد مسافر ٹرینیں کل 20 مئی سے شروع ہوجائیں گی اور پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے30 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ کل پہلی ٹرین پاکستان ایکسپریس صبح 6 بجے راولپنڈی سے کراچی روانہ ہوگی اور دوسری ٹرین ریل کار راولپنڈی سے لاہور کل صبح 7 بجے چلے گی جب کہ تیسری ٹرین ریل کارکل صبح ساڑھے7 بجے لاہور سے راولپنڈی روانہ ہوگی۔

ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرین سروس کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، مسافر ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن پہنچیں اور کسی مسافر کے عزیز کو اسٹیشن کی حدود میں داخلےکہ اجازت نہیں۔

عامر نثار نے کہا کہ ٹرین میں 60 فیصد مسافر ہوں گے اور 40 فیصد نشستیں خالی ہوں گی، مسافر ماسک پہن کرآئیں اور سینٹائیزر ریلوے فراہم کرے گا جب کہ کورونا حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزی پر مسافر کو 500 روپے جرمانہ ہوگا اور دوسری بار خلاف ورزی پر ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، مسافر تیسری بار خلاف ورزی کرے تو اسے ٹرین سے اتار دیا جائےگا۔

ڈی ایس ریلوے کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت آن لائن ہوگی اور ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے۔