ریلوے میں انقلاب آنے والا ہے، شیخ رشید نے عوام الناس کو کرایوں سے متعلق خوشخبری سنادی

 
0
330

اسلام آباد 04 جولائی 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہونے جا رہا ہے، ریلوے کرایے بڑھانے کی تجویز کو میں نے مسترد کر دیا ہے۔

شیخ رشید نے آج پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ ایم ایل ون کے سلسلے میں رواں ماہ ایکنک میں دستخط ہوں گے، وزیر اعظم چین سمیت جہاں بھی گئے ہر جگہ ایم ایل ون کی بات کی، یہ آج حقیقت بن چکا ہے، 10 سال میں ریلوے پہلی بار انقلاب میں داخل ہونے جا رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا ایم ایل ون انقلابی منصوبہ ہے، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو اس سے روزگار ملے گا، ریلوے میں نوکریاں بھی اب میرٹ پر ہی ملیں گی، محکمے میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف نیب سے رجوع کریں گے۔

انھوں نے گزشتہ روز شیخوپورہ میں ریل حادثے سے متعلق کہا کہ حادثے کے وقت پھاٹک بند تھا، مسافر بس والے نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائیڈ سے گاڑی نکالنے کی کوشش کی اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں 20 مسافر جاں بحق ہوئے۔

چینی بحران کیس کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ چینی کا کیس دونوں طرف یعنی اپوزیشن اور حکومتی سطح پر، سنجیدہ ہو سکتا ہے، ای سی سی اور کابینہ میں میرا واحد نوٹ ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا اپوزیشن کرپٹ اور منی لانڈر ہے یہ حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پی ٹی آئی کے لوگوں سے گزارش ہے کہ اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر آ کر نہ دھوئیں، افسوس ہے کہ اپوزیشن وہ کام نہیں کر رہی جو ہم اپنے خلاف کر رہے ہیں، یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، نہ ہم آخری چوائس ہیں اور نہ ہم مائنس ون ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مجھ پر چار خود کش حملے ہو چکے ہیں لیکن میں کبھی نہیں گھبرایا، تاہم یہ کورونا وائرس کی بیماری دشمن کو بھی نہ لگے، اللہ شہباز شریف کو بھی صحت دے۔