مسلم لیگ ن کے اراکین کو عثمان بزدار سے ملاقات کرنا بھاری پڑ گیا۔۔۔ اہم نوٹسز جاری

 
0
204

لاہور 16 جولائی 2020 (ٹی این ایس): مسلم لیگ نواز کے ایک درجن سے زائد اراکین پنجاب اسمبلی نے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سے ملنا کوئی گناہ نہیں کہ شوکاز جاری کئے جائیں۔

مسلم لیگ نواز کے 15 سے زائد اراکین پنجاب اسمبلی نے پارٹی کی جانب سے شوکاز دینے پر اجلاس منعقد کرلیا، میٹنگ کے دوران اراکین نے فیصلہ کیا کہ ن لیگ کے ساتھ رہیں گے مگر حکومت سے رابطے ختم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کےلیے وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں بھی جاری رکھیں گے کیونکہ ہم صرف اپنے حلقوں کے عوام کو جوابدہ ہیں۔

ن لیگی اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ملنا کوئی گناہ نہیں کہ شوکاز جاری کئے جائیں، حلقے کے عوام کیلئے کسی کے پاس بھی جانا پڑا جائیں گے۔

اراکین صوبائی اسمبلی نے لاہور فارم ہاوس پر منعقدہ میٹنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب سمیت حکومتی عہدیداروں سے روابط بڑھانے کا فیصلہ کیا، باغی گروپ کی میٹنگ میں میاں جلیل، نشاط ڈاہا، غیاث الدین و دیگر شامل تھے۔

اراکین کا کہنا تھا کہ قیادت کی کسی کرپشن یا لوٹ مار کے جوابدہ نہیں ہیں، قیادت کو ایسی پابندیاں نہیں لگانی چاہئیں جو عوامی مفاد کے خلاف ہوں۔

دس مزید ن لیگی اراکین اسمبلی نے بھی فون پر اظہار یکجہتی کے بعد مسلم لیگ نواز کے باغی گروپ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ساتھ اور بھی لوگ شامل ہورہے ہیں۔