عید الاضحیٰ پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے سے متعلق سندھ حکومت نے پابندیاں عائد کردیں، تفصیلات جانئے

 
0
260

کراچی 16 جولائی 2020 (ٹی این ایس): محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت متعلقہ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پہ پابندی ہو گی۔ قربانی کی کھالیں وہ تمام ادارے جمع کرسکیں گے جنہیں گزشتہ برس کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ مدارس ، فلاحی ادارے اور دیگر افراد کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی اجازت سے بھی کھالیں جمع کرنے کے مجاز ہوں گے۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپس اور بینرز لگانے پر مکمل پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کھالیں جمع کرنے کے لیے کسی بھی طرح کے پرچم یا لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو ممنوع قرار دیا ہے۔ عید الاضحیٰ کے ایام میں ہر طرح کا اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھالیں جمع کرنے والے افراد کے پاس قومی شناختی کارڈ کا موجود ہونا لازمی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہوں گے۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔