پاک افغان بارڈر: سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان شہید اور 2 اہلکار زخمی

 
0
375

اسلام آباد 06 اگست 2020 (ٹی این ایس): پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان بارڈر پر دیر کے علاقے بن شاہی میں سرحد پار سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سرحد پار سے فائرنگ کے دوران مارٹر اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیع اللہ شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اس سے قبل ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔