مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی آرمی چیف سے ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئیں، شیخ رشید

 
0
447

اسلام آباد 23 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی کچھ روز قبل بھی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔ احسن اقبال اور خواجہ آصف کی عسکری قیادت سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ن لیگی رہنماؤں کی ملاقاتیں کافی دیر تک جاری رہیں اور آج میں مجبوراً کہہ رہا ہوں کہ ایک نہیں 2 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ملاقاتیوں میں احسن اقبال کو بھی شامل کریں۔ ایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ہی ٹیبل پر تھے۔

مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز جس دن سچ بولیں گی اس دن ان کی سیاست کا آخری دن ہو گا۔

اس سے قبل مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی معاملات پارلیمنٹ میں ہی حل ہونے چاہیئیں اور انہیں سیاسی قیادت کو ہی حل کرنے دیں۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت کی جانب سے گلگت بلتستان کے مسائل پر بلایا گیا تھا لیکن یہ معاملہ سیاسی ہے اسے پارلیمنٹ میں طے ہونے چاہیئیں۔

صحافی کی جانب سے مریم نواز سے پوچھا گیا کہ کیا عسکری قیادت کے ساتھ ڈنر نواز شریف کی اجازت سے ہوا ؟ مریم نواز نے جواب دیا کہ ڈنر ہوا یا نہیں اس کا علم نہیں میں نے بھی سننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات سیاسی قیادت کو ہی حل کرنے دیں اور سیاسی قیادت کو بھی عسکری قیادت کے پاس نہیں جانا چاہیے تھا۔ سیاسی معاملات پر پارلیمنٹ میں ہی بحث کرنی چاہیے۔