اسپیکر قومی اسمبلی نے گلگت بلتستان پر بلائے گئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کو منسوخ کردیا

 
0
347

اسلام آباد 28 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): اپوزیشن کی جانب سے بائیکاٹ کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے گلگت بلتستان کے انتخابات پر آج مشاورت کے لیے بلائے گئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کو منسوخ کردیا۔

پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر کے فعل پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ ان کی زیر قیادت پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں بنے گی۔

خیال رہے کہ ملک کی بڑی اپوزیشن جماعتوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ کثیر الجماعتی کانفرنس (ایم پی سی) کے اعلامیے کے مطابق ، پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے کیوں کہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اپوزیشن حکومت کے ساتھ پارلیمان کے اندر یا باہر تعاون نہیں کرے گی۔

مزید برآں اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کی جانب سے اجلاس بلائے جانے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکر اور وفاقی حکومت کا گگت بلتستان انتخابات میں کوئی کردار نہیں ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک ترجمان نے بغیر کوئی وجہ بتائے اعلان کیا کہ ‘پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جو کہ اسپیکر کی سربراہی میں 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونا تھا اسے ملتوی کردیا گیا ہے’۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف آئندہ ماہ تحریک چلانے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت عمل تیز کردیا ہے۔

چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں عوامی جلسے کرنے کے ساتھ اپوزیشن نے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کے لیے حال ہی میں تشکیل دیے گئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرنے سے قبل دسمبر میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔