جوبائیڈن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیا

 
0
29291

امریکہ 30 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): امریکہ میں صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثوں کا آغاز ہوگیا ہے اور پہلے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شٹ اپ کال دی اور نسل پرست قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کے ساتھ ساتھ باراک اوباما کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اوباما کیئر پروگرام ایک تباہی ہے۔ جوبائیڈن نے جواب میں کہا حقیقت یہ ہے کہ ٹرمپ کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا بات کر رہے ہیں۔

بائیڈن نے کہا کہ کورونا سے متعلق ٹرمپ ہمیشہ جھوٹ بولتے رہے، صرف ماسک پہننے سے کورونا کا خطرہ آدھا رہ جاتا ہے، کورونا سے اموات میں اضافے کے ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ ہیں ۔،

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کورونا سے متعلق اقدامات سے ہر امریکی مطمئن ہے۔ جوبائیڈن نے ٹرمپ سے ٹیکس گوشوارے بھی طلب کیے۔

ٹیکس سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ کوئی واضح جواب نہ دے سکے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہوئے تو امریکا کو آگے لے کر جائیں گے اور میرا معاشی پلان70 لاکھ نئی نوکریاں پیدا کرے گا۔ امریکی شہریوں کو حق ہے کہ وہ کسے اپنا صدر منتخب کرتے ہیں۔

ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ امریکیوں کی بڑی تعداد بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم ہے۔ ٹرمپ کے پاس ہیلتھ کیئر سے متعلق کوئی منصوبہ ہی نہیں۔

بائیڈن نے الزام لگایا کہ ٹرمپ کو معلوم تھا کورونا کتنی خطرناک بیماری ہے۔ لیکن وہ ہمیشہ جھوٹ بولتے رہے اور جان بوجھ کر کورونا کوعوام سے چھپایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فارما سیوٹیکل کمپنیاں کہتی ہیں کہ ویکسین جلد تیار ہو جائے گی۔ چین، بھارت اور روس کورونا اموات کی صحیح تعداد نہیں بتا رہے۔