سردارتنویر الیاس خان اور لارڈ نذیر احمد نے مل کر کشمیرکی آزادی کیلئے پاکستان کے بیانیہ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق دنیا بھرمیں کشمیرکا مقدمہ لڑنے کافیصلہ کرلیا

 
0
47219

اسلام آباد 24 جنوری 2021 (ٹی این ایس): سردارتنویر الیاس خان اور لارڈ نذیر احمد نے مل کر کشمیرکی آزادی کیلئے پاکستان کے بیانیہ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق دنیا بھرمیں کشمیرکا مقدمہ لڑنے کافیصلہ کرلیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اورتحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس خان اور ہاؤس آف لارڈ کے سابق رکن لارڈ نذیراحمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ
کورونا ختم ہونے کے بعد امریکہ اور یورپ کا مشترکہ دورہ کرکے سیاستدانوں کوکشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرنے سمیت لابنگ کرکے جوبائیڈن حکومت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنےپر راضی کریں گے۔

اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ لارڈ نذیر احمد دنیا بھر میں مسلمانوں کی توانا آواز ہیں۔انہوں نےبین الاقوامی فورمز پر نہ صرف کشمیریوں کی بلکہ فلسطین اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں اورظلم وستم پر آواز اٹھائی اور سفیر کا کردار بھی ادا کیا۔

لارڈ نذیر نے کہا کہ سردار تنویر الیاس کامیاب بزنس مین اور پنجاب حکومت میں کلیدی عہدےپر فائز ہیں۔اب سردار تنویر الیاس خان آزادکشمیر کی سیاست میں آئے ہیں تو یہ ایک اچھا اضافہ ہے۔امید ہے کہ انکی وجہ سے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔انہیں پنجاب حکومت اور بزنس کا جو تجربہ ہے اس کی بنیاد پر تعمیر وترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔وہ اپنے تجربے اور وژن کے مطابق تعمیر و ترقی اور فلاحی وبہبود میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیربھائیوں کیلئے آگےبڑھ کرجدوجہد کی ہے کیوں کہ کشمیری کہتےہیں کہ وہ پاکستانی ہیں اور کشمیر انکا ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کشمیر پر جو پاکستانی بیانیہ ہے اس کو مغربی دنیا کے سامنے رکھنےکیلئے ملکر کام کریں گے اورکشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ کشمیریوں کا جو بنیادی حق ہے اسے حاصل کرکے رہیں گے۔اس معاملے میں اقوام عالم کو جھنجوڑا جائیگا اورہندوستان کو مجبورکیا جائیگا کہ وہ کشمیریوں کو بنیادی حق خودارادیت کے تحت اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا تناسب بدلنے کی سازش کو وہ ہر فورم پر بے نقاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ ملکر جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام عالم نے یہ حق دیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ رائے شماری کے ذریعے کریں جبکہ 70 سال سے ظلم وستم کے ذریعے جب کشمیریوں کی رائے تبدیل نہیں جاسکی تو اب بھارت رائے شماری سے قبل آبادی کا تناسب بدل کر فیصلہ اپنے حق میں کرانا چاہتا ہے۔