وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹوں،انڈر پاسسز،شاہراہوں، پلوں سمیت دیگر مقامات پرکی گئی وال چاکنگ،پمفلٹ اور اشتہاربازی کو مٹانے کا آغاز کردیا گیا

 
0
574

اسلام آباد 25 فروری 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹوں،انڈر پاسسز،شاہراہوں، پلوں سمیت دیگر مقامات پرکی گئی وال چاکنگ،پمفلٹ اور اشتہاربازی کو مٹانے کا آغاز کردیا گیا ہے۔غیر قانونی وال چاکنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دی جائیں گی۔جبکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے انڈر پاسسز اور پلوں پرآرٹ ورک اورکیلی گرافی بھی کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور صفائی ستھرائی کو بہتر کرنے کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے۔اسی ضمن میں انتظامیہ نے غیرقانونی وال چاکنگ ادارہ ہذا سے اجازت (این اوسی) لیے بغیر لگائے جانے والے اشتہارات اسٹکرز،اورپمفلٹس کوریمو(مٹانے) کیلئے بڑے پیمانے کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔مرکزی اور اہم شاہراہوں، مراکز ،مارکیٹوں،پلوں،انڈر پاسسز،بازاروں،اہم وحساس مقامات کی دیواروں، بس اسٹاپوں سمیت دیگر دیواروں پر کی گئی وال چاکنگ اوراشتہار بازی کی صفائی تیزی سے جاری ہے۔مذکورہ غیر قانونی وال چاکنگ کونہ صرف صاف کیا جارہا ہے بلکہ ادارہ ہذا کی جانب سے اس غیرقانونی اقدام میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں مقدمات بھی درج کئے جارہے ہیں۔جناح ایونیو،سیونتھ ایونیو، نائنتھ ایونیو، سری نگر ہائی وے،سہروردی روڈ سمیت دیگر متعدد مقامات اور دیواروں پرسے وال چاکنگ اور اشتہارات صاف کردئے گئے ہیں۔مذکورہ مہم کے تحت اہم شاہراہوں، سڑکوں،پلوں انڈر پاسسز،گلیوں میں موجود سائن بورڈز ،اسٹریٹ بورڈز،مارکیٹوں،بجلی کے کھمبوں،ٹرانسفارمرز سمیت دیگر مقامات سے غیر قانونی وال چاکنگ صاف کرکے انہیں اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔دوسری جانب شہر کی خوبصورت اوررعنائی میں اضافے کیلئے پلوں،انڈر پاسسز سمیت اہم مقامات پرخطاطی،آرٹ ورک،پینٹنگ اور کیلی گرافی بھی کی جارہی ہے،اس مقصد کیلئے تعلیمی اداروں کے فن مصوری سے منسلک ماہر طلبہ وطالبات کو خصوصی طور پراس مہم میں شامل کیا گیا ہے۔