خضدار میں بم دھماکا، نجی کمپنی کے 4 مزدور زخمی

 
0
220

اسلام آباد 26 فروری 2021 (ٹی این ایس): بلوچستان کے ضلع خضدار میں جمعرات کے روز ہوئے ایک بم دھماکے میں ایک نجی کمپنی میں کام کرنے والے 4 مزدور زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ شر پسندوں نے امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) خاتن چوک کے نزدیک ایک موٹر بائیک میں نصب کر رکھی تھی۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) خضدار طارق خلجی نے بتایا کہ جب مزدوروں کو خضدار سے نال لے جانے والی گاڑی چوک کے نزدیک پہنچی تو دھماکا خیز ڈیوائس پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 مزدور زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمیوں کی شناخت شمس الرحمٰن نوراللہ، رحمت اللہ اور قاصد کے نام سے ہوئی جن کا تعلق پنجاب اور خیبرپختونخوا سے تھا، دھماکے میں گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

بعدازاں پولیس نے نامعلوم شر پسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان گزشتہ کئی برسوں سے بد امنی کا شکار ہے اور یہاں سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے اور مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، صوبے میں شورش کے پسِ پردہ ملک دشمن عناصر کے ملوث ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔