وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )انتظامیہ نے سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے بچانے کیلئےسید پور،مارگلہ ہلز،شاہ اللہ دتہ،چونترہ،بری امام سمیت دیگر علاقوں میں مستقل بنیادوں پر پکٹس قائم کردیں

 
0
1764

اسلام آباد 26 فروری 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )انتظامیہ نے سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے بچانے کیلئےسید پور،مارگلہ ہلز،شاہ اللہ دتہ،چونترہ،بری امام سمیت دیگر علاقوں میں مستقل بنیادوں پر پکٹس قائم کردیں۔غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی موثر روک تھام کیلئے 10سے زائد نگران ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں۔مذکورہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرانتظامیہ کو رپورٹ پیش کریں گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )گزشتہ کئی ماہ سے قبضہ مافیا،غیرقانونی تعمیرات اورتجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے کارروائیاں کررہی ہے،تاہم بااثر قبضہ مافیا آپریشن کے بعد دوبارہ مذکورہ غیر قانونی اقدام شروع کردیتا ہے۔اس مرتبہ ادارہ ہذا نے سرکاری اراضی کا قبضہ مافیا کے بچانے اور غیر قانونی تعمیرات اورتجاوزات کے خاتمے کیلئے ایک موثر اقدام کرتے ہوئے شہر بھر کے اہم مقامات پر نگران ٹیمیں قائم کردی ہیں ۔ادارہ ہذا کے شعبہ انفورسمنٹ کے زیرنگرانی مزکورہ ٹیمیں بلاناغہ صبح اور شام کی دوشفٹوں میں خدمات سرانجام دیں گی۔مذکورہ ٹیمیں شہر میں پٹرولنگ بھی کریں گی اورشعبہ انفورسمنٹ کو روزانہ کی بنیاد رپورٹ پیش کریں گی۔مذکورہ رپورٹ کی بنیاد پر ادارہ ہذا فوری طور پر سرکاری اراضی پر کیے گئے قبضہ اور غیر قانونی تعمیرات اورتجاوزات کو مسمار کرنے کیلئے آپریشن کرے گی۔اس ضمن میں شعبہ انفورسمنٹ کے عملے پر مشتمل سید پور،مارگلہ ہلز،مل پور،بری امام،چونترہ،سنیاڑی، شاہ اللہ دتہ،بنی گالہ،نورپورشاہاں سمیت دیگر مقامات پر مستقل بنیادوں پر پکٹس قائم کردی ہیں۔جبکہ انتظامیہ نے مزکورہ ٹیموں کو واضع ہدایات کردی ہیں کہ غیرقانونی تعمیرات اورتجاوزات کو مسمار کرنے کے ساتھ موقع پرموجود تمام تعمیراتی مواد بھی ضبط کرلیا جائے۔اس ضمن میں نگران ٹیموں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات پر فوری طورپر آپریشن کرنے میں معاونت کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس پولیس کوبھی خطوط جاری کردئے گئے ہیں،تاکہ موقع پر کار سرکار میں مداخلت کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کاروائی بھی کی جائے۔