قطر اور پاکستان کے درمیان ایل این جی کی قیمت میں کمی پر اتفاق

 
0
410

اسلام آباد 26 فروری 2021 (ٹی این ایس): قطری حکومت ایل این جی کی قیمت 11 ڈالر فیMMBTسے کم کرکے9 ڈالر کرنے پر رضامند ہوگئی ہے جس سے پاکستان کو2 ارب ڈالر کے لگ بھگ رقم کی بچت ہو گی، اس حوالے سے معاہدہ کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی سعد بن شریدالقابی آج اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم میں ہونیوالی تقریب میں معاہدہ پر دستخط کریں گے۔

پاکستان اور قطر کے درمیان 2016 ء میں ایل این جی کی فراہمی کا 15 سالہ معاہدہ ہوا تھا جس کی مالیت 15 ارب ڈالر سے زائد تھی، وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے اس معاہدے پر نظر ثانی کرنیکی درخواست کی تھی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس معاہدہ پر نظر ثانی کیلئے متحرک رہے اور انہوں نے پس منظر میں رہتے ہوئے اہم ترین کردار ادا کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف کے کچھ عرصہ قبل دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے ملاقات میں قطری حکومت نے ایل این جی کی قیمت پر نظر ثانی پر رضامندی ظاہر کردی تھی جس کے نتیجہ میں آج یہ معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی کے نتیجہ میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ بچت ہو گی جو کہ ایک بہت بڑا معاشی فائدہ ہے، سفارتی حلقوں کے مطابق اس نئے معاہدے سے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔