سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ، یوسف رضا گیلانی کام یاب

 
0
213

اسلام آباد 03 مارچ 2021 (ٹی این ایس): سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ، یوسف رضا گیلانی کام یاب ہو گئے

قومی اسمبلی سمیت سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جب کہ اسلام آباد سے بڑا نتیجہ موصول ہوگیا ہے جس کہ مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں جنرل نشست پر کام یاب ہوگئے۔

پنجاب کی تمام 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11 ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی بارہ بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں کے ہال کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا۔

سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوگیا اور اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومتی امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی۔ نتیجہ آنے کے بعد عبدالحفیظ شیخ نے یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد دی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے مدمقابل سے 5 ووٹ زائد حاصل کیے۔

قومی اسمبلی میں اسلام آباد کی نشستوں پر ڈٖالے گئے ووٹوں میں سے 7 ووٹ مسترد ہوئے تاہم ابھی خواتین کی مخصوص نشست کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

غیر سرکاری نائج کے مطابق بلوچستان کی7جنرل نشستوں پر حکومتی اتحاد 5 پر کامیاب ہوگیا ہے جب کہ اپوزیشن نے سینیٹ کی 2 جنرل نشستیں حاصل کی ہیں۔

موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے سرفراز بگٹی، منظور کاکڑ،پرنس آغاعمر احمد زئی جب کہ بی اے پی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عبدالقادر کامیاب ہوئے ہیں، اس کے علاوہ جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری، بی این پی مینگل کے محمد قاسم اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمر فاروق بھی کام یاب ہوگئے ہیں۔

غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک سندھ سے نشستوں پر پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار کامیاب ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کی شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا ، جام مہتاب ڈہر، جام مہتاب کامیاب ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان اور ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب کامیاب ہوگئی ہیں۔

وزیر اعظم کا ووٹ ڈالنے کے عمل میں سست روی پر نوٹس

وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی ارکان کی جانب سے ووٹ ڈالنے کے عمل میں سست روی پر نوٹس لے لیا ہے۔