این سی او سی کا پاکستان آنے والی مسافر پروازیں کم کرنے کا فیصلہ

 
0
213

اسلام آباد 29 اپریل 2021 (ٹی این ایس): نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث پاکستان آنے والی مسافر پروازیں 5 سے20مئی تک کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں پاکستان آنے والی مسافر پروازیں 5 سے20مئی تک کم کرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ 18مئی کو اجلاس میں دوبارہ پابندیوں کی نظرثانی کی جائے گی۔

اجلاس میں 40سے 49 سال کے شہریوں کی کرونا وبا کے خلاف ویکسینیشن 3 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق اجلاس میں ملک میں آکسیجن کی پیداوار اور سپلائی سے متعلق انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 6ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار آکسیجن سلنڈرز درآمد کرنے سمیت آکسیجن کی سپلائی موثر بنانے کیلئے لاہور میں لوہا مارکیٹ مصری شاہ کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی اجلاس میں عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو گھر رہنے اور محفوظ رہنے پر زور دیا گیا۔ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کیے جاچکے ہیں۔

قبل ازیں این سی او سی نے ملک میں کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر 80 فیصد بین الاقوامی پروازیں کم کرنےکی تجویز دی تھی، این سی او سی کا کہنا ہے کہ 20فیصدانٹرنیشنل فلائٹس آپریٹ کرنےکی اجازت دی جائےگی جبکہ اس حوالے سول ایوی ایشن اتھارٹی احکامات ملنے پر باضابطہ نوٹم جاری کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان کیلئے عالمی پروازوں کی تعداد میں اضافے کے معاملے پر سیکریٹری سول ایوی ایشن کی صدارت جمعہ کواسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیاگیا ہے۔

جس میں پی آئی اے،نجی ائیرلائن سمیت غیرملکی ایئرلائن کےکنٹری ہیڈ شرکت کریں گے اور سی اے اے کا شعبہ ائیرٹرانسپورٹ سیکرٹری ایوی ایشن کو بریفنگ دے گا۔