عثمان بزدار کو بولنے کا موقع عدالت میں دوں گی، عظمیٰ بخاری

 
0
307

اسلام آباد 25 جون 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوٹس بھیجے جانے پر کہا ہےکہ عثمان بزدار نے قانونی نوٹس میں معافی کا مطالبہ کیاہے لیکن اللہ کے سوا کسی سے معافی نہیں مانگتی اور نہ کسی سے ڈرتی ہوں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بابائے ہتک نوٹس عمران خان شہباز شریف کے نوٹس کا جواب بھی دے دیں تاکہ جلد فیصلہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو بولنے کا موقع عدالت میں دوں گی، معافی وزیراعلیٰ کو مانگنی چاہیے جنہوں نے جھوٹے وعدے کیے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومتی چوریوں، کرپشن اسکینڈل پر سو موٹو نہیں ہوتا، وزیراعلیٰ نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں میٹنگ منٹس غائب کروانے کی کوشش کی، باجی اور بزدار مجھ سے بہت چڑتے ہیں، امید ہے وزیر اعلیٰ نوٹس دے کر بھاگیں گے نہیں جب کہ میں وزیر اعلیٰ کے نوٹس پر جشن مناؤں گی۔

واضح رہےکہ عثمان بزدار نے لیگی رہنما کو نوٹس بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ عظمٰی بخاری 14 روز میں الزامات پر معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کاسامنا کرنا ہوگا۔