ملتان 13 جولائی 2021 (ٹی این ایس): ملتان میں ڈاکو راج، گلگشت ڈویژن جرائم کا گڑھ بن گئی، محافظ خود لٹ گئے۔ایک ہی گروہ نے ایک رات میں ڈی ایس پی سمیت تین گھر لوٹ لیے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ بہائوالدین زکریا کے علاقے واپڈا ٹائون فیز 1میں واقع ڈی ایس پی حسن رضا کھاکھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید کی شاپنگ کرنے کے لیے نکلے واپس آئے تو گھر کا سامان بکھرا ہوا تھا۔ جانچ پڑتال کرنے پر گھر سے 6 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات مسروقہ پائے گئے۔ڈاکوئوں کے گروہ نے گھر کے تالے کاٹ کر واردات کی۔ دریں اثنا ڈاکوئوں کے اسی گروہ نے واپڈا ٹائون سی اور بی بلاک کے دو گھروں میں تالے کاٹ کر لاکھوں کا سامان چوری کرلیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقے میں اس طرح ڈکیتی یا چوری کی وارداتیں نہیں ہوتی تھی لیکن دو ماہ ہوئے ہیں جب سے نئےتھانہ بہائوالدین زکریامیں نئے ایس ایچ او آئے ہیں ڈکیتی/چوری کی وارداتیں زور پکڑ رہی ہیں۔ جرائم کنٹرول کرنے میںایس ایچ او ارشادحسین مکمل ناکام ہوچکے ہیں ۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ واپڈا ٹائون کا علاقہ انتہائی محفوظ سمجھا جاتا تھا لیکن یہاں بھی گزشتہ روز ایک وقت میں تین جگہ ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں ۔ گلگشت ڈویژن کی خراب کارکردگی پر سی پی او نے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سے ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔اسی طرح تھانہ قطب پورکے علاقے چونگی نمبر21شاہد سے دوڈاکو اسلحہ کے زور پر نقدی7ہزار وموبائل لے گئے،تھانہ الپہ کے علاقے اڈا بند بوسن محمد وارث سے تین ڈاکو اسلحہ کی نوک پر نقدی25ہزار چھین کر فرار ہوگئے،تھانہ الپہ کے علاقے عاشق چوک محمد یوسف سے دوڈاکو اسلحہ کی نوک پر نقدی40ہزار سمیت موٹرسائیکل چھین کر لے گئے،تھانہ بی زیڈ کے علاقے بہادر پور چوک زریاب علی سے تین ڈاکو گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین کر لے گئے۔