بلوچستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کا ضیاع، وزیراعظم کا دکھ اور افسوس کا اظہار، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

 
0
1870

اسلام آباد 07 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

متعلقہ حکام نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں 5 اعشاریہ 9 شدت کے زلزلے سے ہونے والے اور موجودہ صورتحال پر رپورٹ مرتب کرکے وزیر اعظم آفس کو ارسال کردی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر بلوچستان حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب بلوچستان کے علاقے صوبے کے مختلف علاقوں کوئٹہ، سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ ، چمن، زیارت اور ژوب سمیت کئی علاقوں میں رات 3 بج کر 2 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 5.9 شدت کا زلزلے کے باعث 20 سے زائد افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز ہرنائی سے 15 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا، دو سو سے زائد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔