حوثی باغیوں کا سعودی سرحد کے قریب کئی مقامات پر قبضے کا دعویٰ

 
0
55534

صنعاء جولائی 30(ٹی این ایس ) یمن میں سرگرم ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب سے ملحقہ یمنی سرحد پر کئی فوجی پوزیشنوں پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ یمن میں سعودی عسکری اتحاد حوثی ملیشیا اور دیگر باغیوں کے خلاف زمینی و فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے کہا کہ سعودی عرب کے صوبے نجران سے ملحقہ یمنی سرحد پر کئی فوجی چوکیوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ باغیوں نے ان سرحدی چوکیوں پر قبضے اپنے ایک فوجی آپریشن کے دوران کیے۔یمنی خبررساں ادارے نے چوکیوں پر قبضے کو بغیر کسی فوجی حوالے کے رپورٹ کیا ہے۔ اس کے مطابق حوثی باغیوں کی عسکری مہم کے دوران جہاں کئی چوکیوں پر قبضہ کیا گیا ہے، وہاں ایک بڑی تعداد میں سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی بھی کیا گیا۔ اس نیوز ایجنسی نے اپنی تازہ عسکری مہم کی مزید تفصیل جاری نہیں کی ہے۔ حوثی ملیشیا کے دعوے پر ریاض حکومت نے بھی کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد ان ایران نواز باغیوں کی سرکوبی کے لیے اپنی عسکری کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقتدار کے حصول کی کشمکش نے عرب دنیا کے غریب ملک یمن کو تقریباً تاراج کر دیا ہے۔ دارالحکومت صنعاء پر حوثی باغی بدستور کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔