ن لیگ کا اعلیٰ سطحی وفد چودھری برادران کی رہائش گاہ پہنچ گیا، ملاقات شروع

 
0
156

اسلام آباد 27 مارچ 2022 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطحی وفد چودھری برادران سے ملاقات کے لیے چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پہنچ گیا ہے جس کے بعد دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ملاقات شروع ہو گئی ہے۔

ن لیگ کے وفد میں خواجہ آصف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ اور ممتاز قانون دان عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔

ق لیگ کی جانب سے ملاقات میں وفاقی وزرا چودھری طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی چودھری سالک حسین، حسین الٰہی، محترمہ فرخ خان اور سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ن لیگ اور ق لیگ کی قیادت کے درمیان ہونے والے رابطے کے نتیجے میں ایک اور ملاقات طے پائی تھی۔ سیاسی مبصرین نے ہونے ہونے والی ملاقات کو اہم سیاسی پیشرفت قرار دیا تھا۔

ملاقات کے متعلق ذمہ دار ذرائع نے بتایا تھا کہ شام کو ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات اس سے قبل لاہور میں ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین پہلے ہی سے اسلام آباد میں موجود ہیں جب کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ملاقات میں شرکت کے لیے لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی چند دن قبل اچانک لندن گئے تھے۔ اس ضمن میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ وہ اہم ملاقاتوں کے لیے لندن گئے ہیں۔

وفاقی وزرا اور ق لیگ کے رہنما چودھری مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہونے والی ملاقات میں دونوں وفاقی وزرا بھی شرکت کریں گے۔