صحت کارڈ ، فنڈز کی بندش، وزیراعلی کے پی نے وفاق کو خط لکھ دیا

 
0
142

پشاور 04 جولائی 2022 (ٹی این ایس): وزیر اعلی خیبرپختون خواہ محمود خان نے ضم شدہ اضلاع کیلئے صحت کارڈ اسکیم کے فنڈز کی بندش پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی کے پی محمود خان نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے ضم شدہ اضلاع کیلئے صحت کارڈ اسکیم کے فنڈز کی بندش پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت سے احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے خط میں لکھا کہ قبائلی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بری طرح متاثر ہوئے، وفاقی حکومت کا اقدام قبائلی عوام کی قربانیوں کی صریحا توہین ہے۔محمود خان نے کہا کہ یہ اقدام قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے سے انحراف ہے، قبائلی اضلاع کے دیگر ترقیاتی فنڈز میں کمی سخت احساس محرومی کو جنم دے گی، وفاقی حکومت فنڈز کی بندش کے فیصلے پر فی الفور نظر ثانی کرے اور انہیں بحال کرے۔خط میں وزیراعلی کے پی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی منظور کردہ سمری سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی جارہی ہے، سمری میں صحت کارڈ اسکیم کو صوبائی حکومت کو منتقل کیا گیا۔موجودہ وفاقی حکومت نے اسکیم کے لئے فنڈز کا بندوبست نہیں کیا، قبائلی اضلاع کے 50 لاکھ سے زائد عوام کیلئے مفت علاج کی سہولت ختم کردی۔وزیراعلی کا کہنا ہے کہ ضم اضلاع کیلئے قابل تقسیم محاصل کا پورا حصہ بھی نہیں مل رہا، ضم اضلاع کے فنڈز 85 ارب سے کم کرکے 60 ارب کردیے گئے، فنڈز میں کٹوتی سے صوبائی حکومت کو 25 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے، 25 ارب خسارے کو پورا کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔