وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

 
0
231

اسلام آباد 15 جولائی 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔

قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج رات بارہ بجے کے بعد ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور پیٹرول 18 روپے 50 پیسے کی کمی کی جا رہی ہے۔ آئندہ بھی عالمی منڈیوں میں تیل و اجناس کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو قوم کو فائدہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں، ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں تھا، اگر ہوتا تو یہ مشکلات عوام کے لیے کبھی پیدا نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ اب عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، اس وجہ سے آج ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا اور اس کا فائدہ آپ تک پہنچا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ ہو چکا ہے جس کا سہرا مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے پوری کوشش کے بعد یہ معاہدہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسی قومیں بھی ہیں جنہوں نے تیس سال قبل آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ کیا اور اس کے بعد انہوں نے نئی راہیں تلاش کی اور وہ اٹھ کھڑی ہوئیں، دن رات ایک کر دیا خون پسینا بہایا اور اپنی قوم کو اپنے پاوں پر کھڑا کر دیا۔

میں آج آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خدا کرے کہ ہمارے لیے بھی یہ آئی ایم ایف کے ساتھ آخری معاہدہ ہو اور ہم سچے دل سے اس پر عمل کریں اور اس کے بعد اپنے پاوں پر کھڑے ہوں، خود انحصاری واحد راستہ ہے جو قوموں کو وقار دلاتا ہے، اس کے لیے کانٹوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ ہو گیا، ایک ارب 17 کروڑ ڈالر ملیں گے

ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل جب حکومت کی ذمہ داری سنبھالی تو ورثے میں ہمیں مہنگائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا اور جاتے جاتے اس کی دھجیاں بکھیر دیں اور ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کر دی اور ہمارے خزانے میں اس کا بوجھ اٹھانے کے لیے پیسے نہیں تھے۔ یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کیا گیا۔