سیالکوٹ ، 27 اگست (ٹی این ایس) وزیرخارجہ خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان کے ہتھیاروں کا ذریعہ افغان فوجی ہیں۔
انہوں نے آج سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ افغان فوجی ہیں جو طالبان کو امریکی اسلحہ بیچتے ہیں۔
انھوں نے امریکہ پر واضع کردیا ہے کہ وہ افغان جنگ میں اپنی 16سالہ ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پرنہ ڈالے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم نے اس جنگ میں امریکہ کا اتحادی بن کربہت نقصان اٹھایا۔ قیام امن کیلیے پاکستان کے2 لاکھ فوجی کام کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کا 70سال سے بااعتماد ساتھی رہا ہے۔ ہم امریکا سے تعلقات برقراررکھ کر غلط فہمیاں دورکرنا چاہتے ہیں مگر وہ اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار ہمیں نہ ٹھہرائے۔بلکہ افغان مسئلے کاحل تلاش کرے اور پاک افغان سرحد پرباڑ لگانےمیں مدد کرے۔
انھوں نے کہا کہ افغانستان نے650 کلومیٹرتک سرحد پرکوئی چیک پوسٹ نہیں بنائی۔ پاکستان نے اپنے علاقے سے دہشت گردی کا صفایا کردیا ہے۔۔ افغانستان کا امن واپس لایا جاسکتا ہے، یہ ہماری بھی ضرورت ہے۔