پاناما کے حوالے سے تمام ریکارڈ حاصل کر لیا،سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے،چیئرمین نیب

 
0
380

اسلام آباد: اگست 28(ٹی این ایس) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے،اس ضمن میں سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل کیا جا رہا ہے ،تمام اداروں سے ریکارڈ حاصل کرنے کے بعدریفرنسزتیاری کے حتمی مراحل میں ہیں،کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا.ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے, سپریم کورٹ نے ریفرنسز دائر کرنے کے لیے جو وقت دیا اور جس سمت میں کام کرنے کا کہا گیا ہے جیسے ریفرنس تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے, 28 جولائی کے فیصلہ میں جو ریفرنسز دائر کرنے کا کہا گیا ہے چاروں کیسز میں ریفرنسز تیار کئے جا رہے ہیں اور نیب اس سمت میں تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے, متعلقہ اداروں سے تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے, اب ریفرنسز تیاری کے حتمی مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی عمارت سے نیب کو کرپشن کے خلاف اپنی کارکردگی کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کا موقع ملے گا, عمارت کے فنڈز میں تعطل کی وجہ سے تعمیر میں تاخیر ہوئی, تاہم خوشی کا مقام ہے کہ اب ایک شاندار عمارت ہمارے حوالے کر دی گئی ہے, 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے, اگلے چند ماہ میں نیب ہیڈکوارٹر کے دفاتر کو یہاں منتقل کرنے کا شروع کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمارت کی تعمیر میں خاص طور پر سفید گرینائٹ اور شیشے کا کام کیا گیا ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ قومی احتساب بیورو شفافیت کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے فعال انداز میں کام کر رہی ہے تاکہ قوم کو کرپشن سے پاک معاشرہ دیا جا سکے, ہم پرعزم ہیں کہ انسداد کرپشن کوششوں کو جاری رکھیں گے, ایک ایسے وقت میں جب لوگ سرکاری اداروں سے مایوس ہو چکے ہیں نیب امید کی نئی کرن کے طور پر ابھرا ہے ہم اپنی دیانتدارانہ کوششوں سے نیب کو عوامی اعتماد کا ادارہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی حالیہ انتظامیہ کے دور میں 60 ہزار سے زائد شکایات آئیں جن میں سے 9 ہزار کی انکوائری کی گئی, 35 ہزار ریفرنس دائر کئے گئے جبکہ 76 کیسوں میں سزا سنائی گئی ہے, اب تک نیب کی حالیہ انتظامیہ نے اپنے دور میں قومی دولت کے لوٹے گئے 288 ارب روپے بدعنوان عناصر سے ریکور کر کے قومی خزانے میں واپس جمع کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی کرپشن کے حوالے سے درجہ بندی بہتر ہوئی ہے, 2013ء میں کرپشن کے حوالے سے پاکستان 176 ملکوں کی فہرست میں 127 ویں نمبر پر تھا, 2014ء میں 126 ویں نمبر پر آیا, 2015ء میں 117ویں نمبر پر آیا اور اب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل برلن کی تازہ رپورٹ کے مطابق 176 ملکوں کی فہرست میں 116 ویں نمبر پر ہے, کرپشن کے حوالے سے ملک میں مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن ہم نے ابھی مزید کام کرنا ہے کوئی ایک شخص یا ادارہ کرپشن کو مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتا اس کے لئے پوری قوم اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا, نیب کرپشن کے خلاف بے خوفی سے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب کے ایچ آر شعبے کو بھی بہتر بنایا ہے, نیب آرڈیننس کے تحت 700 نئے ملازمین بھرتی کئے گئے جبکہ رواں سال 97 نشستوں کے لئے 80 ہزار افراد نے درخواستیں دی تھیں, ہم نے شفاف طریقے سے این ٹی ایس کے ذریعے نئے افسران کو بھرتی کیا ہے, امید ہے کہ یہ قوم کی توقع کے مطابق بہترین نتائج دیں گے۔ میں نیب افسران کو بھی ہدایت کرتا ہوں کہ یہ ادارہ صرف ملازمت کرنے کی جگہ نہیں بلکہ خدمت کرنے کی جگہ ہے, کرپشن اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے, ہم نے اس کا خاتمہ کرنا ہے اور اس بیماری سے نجات حاصل کرنا کوئی عام کام نہیں ہے, اس کے لئے آپ کو کئی مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن مجھے امید ہے کہ نیب کے افسران حوصلہ مندی اور مضبوط اعصاب کے ساتھ اس کا مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کی تعمیر میں جس جس نے کردار ادا کیا میں اس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں, عمارت کی تعمیر میں اہم کام کرنے والوں کو تعریفی شیلڈز بھی دی گئیں جن افراد کو شیلڈز دی گئیں ان میں ایکسیئن سول پاک پی ڈبلیو ڈی محمود عالم، ایکسیئن پی ڈبلیو ڈی فیض احمد فیض، سپرنٹنڈنٹ انجینئر پاک پی ڈبلیو ڈی سوبھاش چندر، چیف انجینئر پاک پی ڈبلیو ڈی شاہد فرزند، ڈی جی ہاؤسنگ اینڈ ورکس پاک پی ڈبلیو ڈی علی اکبر شیخ، سیکرٹریٹ ہاؤسنگ اینڈ ورکس شاہ رخ ارباب، میسرز حسن ایسوسی ایٹس، ڈائریکٹر ایڈمن نیب ہیڈکوارٹر آصف حسین شاہ، ڈائریکٹر ایڈمن توحید الحسن، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن حسنین احمد، ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور شامل ہیں۔