لاکھوں حجاج منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے

 
0
5006

مکہ مکرمہ، اگست 31 (ٹی این ایس) فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے وادی منی میں پہنچنا شروع ہوگئے ۔ منی میں لاکھوں عازمین کی خیمہ بستی قائم کردی گئی ہے۔ دوسری جانب غلاف کعبہ کی تبدیلی آج بعد نماز فجر کی جائے گی۔

عازمین حج 9 ذی الحج کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچتے ہیں۔ میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گےجبکہ امام کعبہ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے۔نماز مغرب سے قبل میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے اور ایک ساتھ لاکھوں افراد میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے۔نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حجاج منی میں قائم خیموں میں جائیں گے اور قربانی کے بعد بال منڈوائیں گے۔ شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج مکہ مکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت کریں گے۔تینوں دن منی میں رات کا ایک خاص پہر گزارنا تمام حجاج پر واجب ہے۔ تیسرے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد تمام حاجی مکہ روانہ ہوں گے۔