یوپی کا بی آر ڈی ہسپتال پھر خبروں میں،دماغی بخار سے دو روز میں 42 بچے ہلاک

 
0
1086

لکھنو، اگست 31 (ٹی این ایس)بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں دماغ کے بخار کی وبا نے خوفناک صورت حال اختیار کرلی ہے اور اس کے نتیجے میں 2 روز کے دوران صرف ایک سرکاری ہسپتال میں 42 بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ضلع گورکھ پور کے بی آرڈی میڈیکل کالج اسپتال میں 27 اور28 اگست کے دوران 42 بچے انسیفلائٹس یعنی دماغی بخار کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ اب بھی 350 سے بچے زیر علاج ہیں، جن کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو بہت تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا اور باوجود طبی امداد فراہم کرنے کے ان کی زندگی بچانا مشکل ہو گیا تھا ۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جولائی، اگست اور ستمبر نوزائیدہ بچوں کی صحت کے حوالے سے بہت حساس ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ  یہ وہی ہسپتال ہے جہاں رواں ماہ صرف 5 روز میں سو سے زائد بچے آکسیجن اور ادویات کی کمی کے باعث ہلاک ہوگئے تھے۔ ملک اور عالمی میڈیا میں اس واقعے کی خبریں شائع اور نشر ہونے پر بی جے پی ریاستی حکومت نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا اور اب تک کالج کے پرنسپل کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔