امریکی صدر نے وزیراعظم سے ملاقات سے انکار نہیں کیا، ایسی خبریں صرف افواہیں ہیں، میری اتنی اوقات نہیں کہ میں چوہدری نثار کے سینیٹ میں بیان سے متعلق سوال کا جواب دوں، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف

 
0
564

اسلام آباد ستمبر21(ٹی این ایس) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے وزیراعظم سے ملاقات سے انکار نہیں کیا، ایسی خبریں صرف افواہیں ہیں، میری اتنی اوقات نہیں کہ میں چوہدری نثار کے سینیٹ میں بیان سے متعلق سوال کا جواب دوں، امریکی حکام کو تفصیلی آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان میں طالبان کی پناہ گاہیں نہیں ہیں، ہم نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، وزیراعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کے درمیان ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی ، ملاقات میں نائب صدر کی طرف سے کوئی بھی الزام تراشی نہیں کی گئی۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کو بتایا کہ ہم نے دہشتگردوں کے خلاف طویل جنگ لڑ کر ملک میں امن و امان قائم کیا۔ امریکی نائب صدر سے کہا کہ بتایا جائے اربوں ڈالر پاکستان کو کہا ں دیئے گئے۔ ہمارا اس جنگ میں بہت زیادہ خرچہ ہوا مگر اس حساب سے پیسے ہمیں نہیں دیئے گئے۔ امریکی نائب صدر نے کہا کہ خط میں امن کیلئے ہمارے پارٹنر بنیں۔ ہم چاہتے ہیں امریکہ تعلق متوازن ہو۔ امریکہ کو کہا گیا کہ پاکستان میں طالبان کی پناہ گاہیں نہیں ہیں، طالبان کے پاس افغانستان کا 40 فیصد علاقہ ہے تو انہیں کسی اور جگہ پناہ گاہ بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ افغانستان کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان کیخلاف استعمال ہوتی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے انہیں کہا کہ ہم بارڈر مینجمنٹ کرنا چاہتے ہیں اور افغان پناہ گزینوں کی مکمل طور پر واپسی کے بعد آپ کی شکایات مکمل طور پر دور ہو جائیں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر نے وزیراعظم سے ملاقات سے انکار نہیں کیا۔ ایسی خبریں صرف افواہیں ہیں۔امریکی نائب صدر نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو ہمارے لئے ناگوار ہوتی۔ چوہدری نثار کے سینیٹ میں بیان سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ میری اتنی اوقات نہیں کہ میں ان کی بات کا جواب دوں مگر برکس اعلامیہ اور ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس کا اعلامیہ سو فیصدی ایک جیسا ہے۔ اس اعلامیے میں پاکستان خود شامل تھا۔ جن تنظیموں پر پابندی کا کہا گیا ہے ان کے متعلق ہمارا اور بین الاقوامی دنیا کا ایک ہی بیانیہ ہے ہم نے اپنے قوانین کے مطابق ان پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے بدھ کو احمد ابوالغیط کی ملاقات ہوئی، جس میں فلسطین کے کاز کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت سمیت عرب لیگ کے ارکان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کو درپیش چیلنجوں کے حل کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے فلسطین اور جموں و کشمیر کی صورتحال بالخصوص بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں معصوم شہریوں، خواتین ، بچوں اور بزرگوں پر بھارتی فوج کے وحشیانہ تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف سے کرغزستان ، نمیبیا اور بوٹسوانا کے وزرائے خارجہ نے بھی ملاقات کی۔ اقتصادی تعاون تنظیم کی کونسل آف منسٹر ز کے ایک غیر رسمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اقتصادی تعاون تنظیم کو ادارہ جاتی اصلاحات اور تجارت اور رابطوں کے فروغ کے ذریعے مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے تعاون کا اعادہ کیا ہے۔