کمار سنگاکارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا91سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

 
0
5510

لندن ستمبر26(ٹی این ایس): سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا91سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا ۔2015ءمیں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سنگاکارا انگلش کاﺅنٹی چیمپئن شپ میں سرے کےلئے رواں سال بہترین فارم میں نظر آرہے ہیں اور گزشتہ 11اننگز میں 8سنچریاں سکور کرکے91سال پراناریکارڈ برابر کرچکے ہیں ، فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے پہلے بل پونسفورڈ نے 1926-27ءمیں آسٹریلین الیون اور وکٹوریہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 11اننگز میں 8سنچریاں سکور کیں،سر ڈان بریڈ مین نے 1938-39ءاور پھر 48 1947- ءمیں یہ کارنامہ سر انجام دیا جبکہ سابق ویسٹ انڈین کپتان برائن لار ا نے 1994ءمیں ویسٹ انڈیز او ر واروکشائر کےلئے 11اننگز میں 8سنچریاں سکور کیں۔

سنگاکارا کاﺅنٹی چیمپئن شپ کے ایک سیزن میں زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں،وہ رواں سا ل اب تک 14اننگز میں 8سنچریاں سکور کرچکے ہیں ،کاﺅنٹی چیمپئن شپ کے ایک سیزن میں زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا اعزازسرے کے مارک رام پرکاش کے پاس ہے جنہوں نے 2009ءمیں 25اننگز میں 10سنچریاں بنائی تھیں،کینٹ کے ڈیوڈ فلٹن نے 2001ءمیں 24اننگز میں 8،سرے کے مارک رام پرکاش نے 2006ءمیں 23اننگز میں 8اور سمر سیٹ کے اوپنر مارکس ٹریسکوتھک نے 2009ءمیں 26اننگز میں 8سنچریاں سکور کررکھی ہیں ۔سنگاکارا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کاﺅنٹی کرکٹ میں 55اننگز میں 14سنچریاں سکور کرچکے ہیں اور اس دوران کوئی دوسرا بلے باز 11سے زیادہ سنچریاں بنانے میںکامیاب نہیں ہوسکا ہے۔سرے کے لیے 3کاﺅنٹی سیزن میں سنگاکارا63.26کی اوسط سے3353رنز سکور کرچکے ہیں۔