وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مظفرآباد میں تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا

 
0
7377

مظفرآباد، ستمبر 26 (ٹی این ایس):  وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے لاہور قلندر اور جیز رائزنگ سٹار کے زیر اہتمام مظفرآباد میں کھیلے جانے والے تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر معروف صحافی و سینئر اینکر پرسن حامد میر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ ہوا جس میں لاہور قلندر کے چیئرمین رانا فواد ،سی ای او رانا عاطف ،عاقب جاوید ، جاز کے سی ایم او شہباز مقصودو دیگر بھی شریک تھے ۔ وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس، وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید،وزیر خوراک سید شوکت شاہ، وزیر مال سردار فاروق سکندر، وزیر سماجی بہبود نورین عارف، ایم ایل اے مصطفی بشیر،سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات بھی سٹیڈیم میں موجود تھے ۔

میچ سے قبل آزاد کشمیر اور پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے   وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئندہے ،اس میں نوجوانوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں ۔ جس طرح جاز کے تعاون سے لاہور قلندر نے مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں ایونٹ کا انعقاد کیا اسی طرح میں آزادکشمیر میں موجودہ نجی پرائیویٹ کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ ریاست کے اندر اس طرح کی سرگرمیوں میں تعاون کر کے صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیں ۔ وزیر اعظم نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر لاہور قلندر ،محکمہ سپورٹس آزادکشمیر اور جاز کو مبارکباد دی۔ گراؤنڈ میں

اسکے بعد ہزاروں کی تعداد میں تماشائیوں کی موجودگی میں  مظفرآباد رائزنگ سٹار اور راولپنڈی رائزنگ سٹار کے مابین پہلا ٹی ٹوینٹی میچ ہوا جس میں مظفرآبادنے پہلے کھیلتے ہوئے 119رنز بنائے بعد میں راولپنڈی نے تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبور کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ سرگودھا رائزنگ سٹار اور گوجرنوالہ رائزنگ سٹار کے درمیان ہوا۔ گوجرانوالہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 121رنز بنائے دوسری اننگز میں سرگودھا نے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹس کے نقصان پر ہدف عبورکر لیا۔