لاہور ستمبر 29(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبے کے 9 اضلاع میں اگلے ماہ سے موٹرسائیکل ایمبولنس سروس کے آغاز کا اعلان کردیا۔ ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 3 روزہ پاک میڈیکا میڈیکل، ہیلتھ اینڈ کاسمیٹک فیئر کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ‘پہلی مرتبہ لوگوں کو اٴْن تنگ جگہوں پر بھی ابتدائی طبی امداد مل سکے گی، جہاں ایمبولنسز نہیں پہنچ پاتیں’۔انہوں نے بتایا کہ ضروری آلات سے لیس ان موٹر سائیکل ایمبولنسز کو انتہائی تربیت یافتہ عملہ چلائے گا اور اس سلسلے میں ترکی کی حکومت کا تعاون حاصل ہے۔
مذکورہ نمائش کو پنجاب اور ترک حکومت کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا عکاس قرار دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ مختلف شعبوں خصوصاً ہیلتھ سیکٹر میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور وزیراعظم بن علی یلدرم کے شکرگزار ہیں۔پاکستان میں بیشتر افراد کو صحت کی بہتر اور بروقت سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس سلسلے میں صوبائی حکومتیں اپنے طور پر بھی اقدامات اٹھاتی ہیں تاکہ عوام کو صحت کی بہتر اور بروقت سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
ایسا ہی اقدام خیبرپختونخوا میں 2014 میں اٹھایا گیا تھا جہاں دارالحکومت پشاور میں ایک 22 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، جو خاص طور پر بس اور ایمبولینس سروس بغیر کسی خلل کے تیز رفتاری کے ساتھ اپنی منزل پر پہنچنے میں مدد گار ثابت ہو، کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان میں اکثر لوگ کسی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔