اسلام آباد،ستمبر 30 (ٹی این ایس): ملتان سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم بیگ سے استفسار کیا کہ پی آئی او راؤ تحسین علی خان کو ہٹائے جانے اورانکی انکوائری سےمتعلق تفصیلات کے بارے میں بتایا جائے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں عامرڈوگر نے کہا کہ راؤ تحسین نے کچھ غلط نہیں کیا انہیں کیوں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے؟انہوں نے مزید پوچھا کہ راؤ تحسین کے حوالے سے وزارت کے حکام کیا اقدامات کر رہے ہیں؟ جس پر سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ وزارت اطلاعات کاپی آئی او راؤ تحسین کو انکے عہدےسے ہٹانے یا ان کے خلاف انکوائری شروع کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راؤ تحسن کا کیس پی آئی او کے طور پر بحال کرنے کے لئے نہیں ہے بلکہ گریڈ بائیس میں ترقی سے متعلق ہے۔