نیب چیئرمین قمرزمان چودھری کا نیب سکھر آفس کا الوداعی دورہ ، گارڈ آف آنر اور افسران سے اجلاس، کہا نیب نے چار سال میں بدعنوان عناصر سے 50ارب روپے وصول کئے  

 
0
140083

سکھر،اکتوبر02 (ٹی این ایس):  چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب گذشتہ چار سالوں میں 50ارب روپے کی رقم بدعنوان عناصر سے واپس کر کے قومی خزانے میں جمع کرواچکی ہے ،نیب کا پیغام کرپشن سے انکار آج سارے ملک کی آواز بن چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب سکھر ریجنل ہیڈ کوارٹر کے الوداعی دورے کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ قبل ازیں نیب چیئرمین جب سکھر نیب آفس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آٖنر پیش کیا گیا ، اس موقع پر انہوں نے ڈی جی نیب سکھر فیاض احمد قریشی سے ملاقات کی، جس میں انہیں بریفنگ بھی دی گئی ۔ نیب افسران سے خطاب کے دوران چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا کہ ملک سے بدعنوانیوں کا خاتمہ قومی احتساب بیورو کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، جس کے لیے کوئی بھی گنجائش نہیں چھوڑی جائیگی ، نیب گذشتہ چار سالوں سے شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے جس کا سہرا نیب کے تمام افسران کی محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ گذشتہ تین سالوں سے پاکستان کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس اور ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی2016 کی رپورٹ کےمطابق 175سے116تک پہنچ گئی ہے ، اس کے علاوہ ورلڈاکنامک فورم اور پلڈیٹ نے بھی قومی احتساب بیورو کی کاوشوں کی تعریف کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیامیں پہلا ملک ہے جس نے وائیٹ کالر کرائم اور میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات کے لیے 10ماہ کا وقت رکھا ہے جو کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ اور ایف بی آّئی جیسے اداروں نے بھی نہیں رکھا ، پاکستا ن نے چین سے بدعنوانیوں کے خاتمے اور سی پیک کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مفاہمت کے یاداشت نامے پر بھی دستخط کئے ہیں۔

 نیب چیئرمین قمر چودھری نے نیب کے سکھربیورو کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیاض احمد قریشی کی نگرانی میں  بیورو  نے مختصر وقت میں بہترین کا م کیا ہے ، انھوں نے کہا کہ نیب افسران کو اپنا کام ایمانداری ، میرٹ اور شواہد کے تحت جاری رکھنا چاہیے تا کہ ملک سے بدعنوانیوں کے خاتمے میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی ایک کینسر اور خاموش قاتل کی طرح ہے جوکہ ہماری معیشت اور وسائل کو تیزی سے کھا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ معیشت اس رفتار سے ترقی نہیں کر رہی ہے جس طریقے سے ترقی کرنی چاہیے تھی ۔ انہوں جس طریقے سے ترقی کرنی چاہیے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی میرٹ کی قاتل ہے اور حقدار کو ان کی جائز حق سے محروم کر تی ہے ، نیب کا مقصد جہاں بدعنوانی کا خاتمہ ہے وہاں اسکے موذی اثرات کے حوالے سے عوام خصوصا نوجوانوں میں آگاہی دینے کا کام جاری رکھنا چاہیے ، آگاہی مہم 2016میں انتہائی کامیاب رہی ، یہ ہی وجہ ہے کہ نیب کا پیغام کرپشن سے انکار آج پورے ملک کی آواز بن چکا ہے۔