وزیراعظم کی طرف سے چینی صدر کو کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری دوبارہ  منتخب ہونے پرتہنیت

 
0
413

اسلام آباد،اکتوبر 26 (ٹی این ایس) :   وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چین کے صدر شی چن پنگ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا دوبارہ جنرل سیکرٹری منتخب  ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نےکہا کہ چین نے 1978ء میں اصلاحات کے آغاز اور عملدرآمد کے نتیجہ میں جو ترقی کی ہے اس پر دنیا حیران ہے ۔چین نے نہ صرف دنیا کی دوسری بڑی معیشت کا مقام حاصل کیا ہے بلکہ کرشماتی طور پر ایک نسل کے دورانیہ میں 7 سو ملین افراد کو غربت سے نکالنے میں بھی کامیاب ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین منصفانہ ،مساوی اور حوشحال گلوبل گورننس کے قیام کیلئے کوششیں کررہا ہے جو ترقی پذیر دنیا کی امنگوں کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چین کے ان جذبوں کی عکاس ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو پاکستان میں تمام طبقوں کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ان تعلقات اور تعاون کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جائے گی۔