لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی میں اضافہ ،دھند اور اسموگ مزید کمی

 
0
52580

لاہور نومبر 16 (ٹی این ایس) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند اور اسموگ مزید کمی آگئی ،رات کو شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کے باعث حادثات سے بچنے کیلئے موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیاجس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

بعض علاقوں میں تیز بارش اور کئی مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا اور اسموگ مزید کم ہونے لگی ۔پنجاب بھر میں کئی روز سے دھند اور گرد و غبار کے بادل چھائے ہوئے تھے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا تھا اور معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے تھے۔ اسموگ ختم ہونے کے لیے شہری بے چینی سے بارش کا انتظار کررہے تھے۔لاہور، جھنگ، چیچہ وطنی، پاکپتن، شیخوپورہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، بھاولنگر، فاروق آباد میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوش گوار ہوگیا جبکہ دھند کی شدت میں کمی ہوگئی۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں دو گھنٹوں تک موسلادھاربارش سے موسم سرد ہوگیا۔دوسری طرف خیبرپختون خوا کے علاقے بنوں میں میں بھی بوندا باندی ہوئی جبکہ جنوبی وزیرستان کے علاقے شوال اور مکین میں تیز بارش اور برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔

ڈی آئی خان میں بھی رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے قفے سے جاری رہا۔رات کو خراب موسم اور دھند کے باعث اندرون اور بیرون ممالک جانے والی پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے انکوائری سے رابطہ کریں۔حد نگاہ میں کمی پر ٹریفک حادثات سے بچنے کے لئے موٹروے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ شدید دھند کے باعث بابو صابو سے کوٹ مومن، ملتان سے خانیوال، ساہیوال، چیچہ وطنی اور بہاولپور کے علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک نظام معطل ہوگیا۔ جی ٹی روڈ پر بھی بیشتر مقامات پر شدید دھند کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔ترجمان موٹر وے نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنائیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید دھند کا راج ہوگا۔لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔