ہمیں اخلاقی ، سیاسی ، سماجی ، معاشی و معاشرتی طور پر نبی پاک ﷺ کی حقیقی اور عملی زندگی کو سمجھنے کی ضرورت ہے ٗسر دار مسعود خان

 
0
1586

مظفرآباد دسمبر ۲(ٹی این ایس)صدر آزاد جموں وکشمیر نے سردار مسعود خان کہا ہے کہ آج تجدید دعہد کا دن ہے کہ ہم نے اپنی زندگی حضور پاک ﷺ کے مثالی عملی طریقوں کے مطابق گزارنی ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی گراؤنڈ میں سالانہ قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قومی سیرت کانفرنس سے آزادکشمیر کے سیکرٹری اوقاف و امور دینیہ سید نذیر الحسن گیلانی، صدر مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد صاحبزادہ محمد سلیم چشتی ، حضرت علامہ تنویر الحسن مصطفائی ،جنرل سیکرٹری مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر حضرت پیرمیاں محمد شفیع جھاگوی،چوہدری لطیف اکبر، سید طالب حسین شاہ گیلانی، سید نیاز حسین شاہ گیلانی، سردار مبارک حیدر ، شوکت جاوید میر، سید سجاد علی گیلانی،علماء کرام ،
مشائخ عضام، بچے اور اہلیان شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے 12ربیع الاول کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان کے عوام کو عید میلا دالنبی ﷺ کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اخلاقی ، سیاسی ، سماجی ، معاشی و معاشرتی طور پر نبی پاک ﷺ کی حقیقی اور عملی زندگی کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، جو عالمی سطح پر امن اور سکون کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کو زمین پر رحمت العالمین بنا کر بھیجا گیا ہے اور ہمیں 12ربیع الاول کا یہ بابرکت دن منانے کا موقع ملا ہے۔ جو ہم سب کے لئے ایک بہت بڑا اعزازہے۔ اور ہم پر اللہ تعالیٰ کا یہ بہت بڑا کرم ہے کہ ہم آخری نبی ﷺ کے امتی اور پیروکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی جانب سے اسلامی تعلیمات اور سنت رسول ﷺ ہمارے لیے ایک بڑا تحفہ ہے اور یہ ایک ابدی بہار ہے جو تا قیامت جاری رہے گی اور کبھی ختم نہیں ہوگی۔ اور نبی کریم ﷺ کی سیرت انسانیت کے امن کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے ایک بینر کے تحت مذاکرات اور ڈپلومیسی کو آگے بڑھایا اور کامیابی سے جنونی اور گروہوں میں بٹے عربوں کے معاشرے میں فلاح انسانیت کے لیے انقلاب شروع کیاجو پوری دنیا تک پھیل گیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ آج دنیا کی 30فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر آزاد کشمیر اور پاکستان کی خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔ اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کی حفاظت اور ان کی آزادی کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ جلد ہی ہم اس مقدس دن کا جشن پورے جموں وکشمیر میں آزاد حیثیت سے منائیں گے۔ صدر نے نبی ﷺ کی سنت کی روشنی میں مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے جموں وکشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ ہم نبی پاک ﷺ کی سنت مبارک کو اپنا کر ہی رواداری ، باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ایک کامیاب قوم بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا نبی کریم ﷺ کی حیاب طیبہ ہر عمر کے مسلمانوں اور انسانیت کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ ایک عظیم لیڈر ، مؤثر فوجی
کمانڈر اور ایک مثالی حکمران تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ہمیں خاندانی زندگی کو منظم کرنے کے علاوہ والدین ، بیوی بچوں کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں عملی طور پر سکھایا ہے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ آج بین الاقوامی دنیا نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو ہم دنیا بھر میں بہت سارے پریشان کن تنازعات کو حل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اور نبی پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل درآمد کر کے پاکستان میں درپیش سامراجی ، سیاسی اور اقتصادی مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔ صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج امت مسلمہ میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو نظر انداز کیا ہوا ہے۔ جس کے باعث انہیں مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ امت مسلمہ کے مسائل کا حل نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور حکمت عملی کو اپنانے میں ہے۔