مظفر آباد ٗ کیچڑی کوٹ سیکٹر پر جنازے پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری شہید ٗخاتون زخمی

 
0
626

مظفرآباد دسمبر 8(ٹی این ایس)لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کیچڑی کوٹ سیکٹر پر ایک جنازے پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی جبکہ پاک فوج کی موثر جواب کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ٗ ایک چیک پوسٹ اور 5 زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی بلااشتعال خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کیچڑی کوٹ سیکٹر پر چھفر گاؤں میں ایک جنازے پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔بیان کے مطابق بلااشتعال بھارتی فائرنگ کے جواب پاکستانی فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں ایک بھارتی پوسٹ تباہ اور ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 5 بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔ادھر عباس پور پولیس کے عہدیدار انجم سلیم نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ و گولہ باری ضلع پونچھ کے عباس پور سیکٹر کے گاؤں پولاس کاکوٹہ میں اس وقت کی گئی، جب مقامی افراد ایک شخص کے جنازے اور تدفین میں مصروف تھے۔عباس پور میں وکیل افضل کیانی نے بتایا کہ مقامی افراد نے ابھی میت کو قبر میں اتارا ہی تھا کہ شیلنگ شروع ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد اقبال کیانی اور ان کے کزن شوکت کیانی کے ناموں سے ہوئی، جو قریبی گاؤں ’شافر‘ کے رہائشی تھے۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ شوکت کیانی نام کمیشنڈ افسر (صوبیدار) تھے جو چھٹیاں گزارنے اپنے گھر آئے تھے۔ان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباس پور کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ٹی ایچ کیو) منتقل کیا گیا۔بھارتی فوج کی شیلنگ سے شافر گاؤں میں اپنے گھر کے باہر روز مرہ کا کام کرنے والی 65 سالہ بیوہ حَسیرا بیگم زخمی ہوئیں جنہیں ٹی ایچ کیومنتقل کیا گیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سعید قریشی نے کہا کہ تازہ واقعے کے بعد رواں سال بھارتی شیلنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 46 ہوچکی ہے، جبکہ 257 افراد زخمی ہوئے۔