صدر نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پرصدرِ پاکستان کے دستخط،24 ویں ترمیم آئین کا حصہ بن گئی

 
0
640

اسلام آباد،دسمبر 28 (ٹی این ایس): صدر مملکت ممنون حسین نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر دستخط کر دیئے، جس کے بعد 24 ویں ترمیم آئین کا حصہ بن گئی۔ صدارتی دفتر کے ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ صدر مملکت نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر دستخط کردیئے، جس کے بعد 24 ویں آئینی ترمیم آئین کا حصہ بن گئی۔ذرائع نے تصدیق کی کہ صدر مملکت ممنون حسین نے 22 دسمبر کو 24 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کیے تھے۔یاد رہے کہ 24 ویں آئینی ترمیم کے تحت مردم شماری کے عبوری نتائج کے تحت حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 19 دسمبر کو سینیٹ نے کثرت رائے سے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیمی بل 2017 منظور کیا تھا۔سینیٹ سے منظور کیے گئے بل کے حق میں 84 سینیٹرز نے ووٹ دیا تھا جبکہ مخالفت میں ایک ووٹ آیا تھا ٗاس سے قبل نئی حلقہ بندیوں سے متعلق ترمیمی بل کو 16 نومبر کو قومی اسمبلی نے بھی بھاری اکثریت سے منظور کیا تھا۔واضح رہے کہ 24 ویں آئینی ترمیمی بل 2017 مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں نئی حلقہ بندیوں کی اجازت دیتا ہے۔ترمیمی بل کے تحت قومی اسمبلی کی نشستیں وہی رہیں گی تاہم صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی نشستیں آبادی کے تناسب سے بڑھ جائیں گی ٗپنجاب کی 9 نشستیں کم ہوں گی جبکہ سندھ کی نشستیں برقرار رہیں گی۔