ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی مسعود احمد وڑائچ کا اڈیالہ جیل کا دورہ ، معمولی جرم کے 4 قیدیوں کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم

 
0
21422

راولپنڈی دسمبر 29(ٹی این ایس) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ  اینڈ سیشن جج راولپنڈی مسعود احمد وڑائچ  نے اڈیالہ جیل کا دورہ کرکے وہاں انتظامات، قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات اور انکی بحالی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔

جج صاحب کے ہمراہ  پیرول آفیسر  راولپنڈی  رانا زاہد،اور جوڈیشل مجسٹریٹ عمر جاوید ورک راولپنڈی  بھی تھے۔

سنٹرل جیل کے سپرانٹنڈنٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معزز جج صاحبان نے خواتین و نو عمر بچوں کے وارڈز کے علاوہ اسیروں کے کچن اور بیرکس کا  دورہ کیا اور ان کے مسائل سنے۔

انھوں نے ٹیوٹا اور وومن ایڈ ٹرسٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام  اسیران کی فنی تربیت کےلئے قائم  تکنیکی تربیت کے مراکز میں جاری موٹر وائنڈنگ،الیکٹریشن، ویلڈنگ،بیوٹیشن اور  گھریلو ٹیلرنگ کے کلاسز کا معائنہ کیا۔ جیل سپرانٹنڈنٹ کے مطابق جج صاحبان نے صفائی ستھرائی،نظم وضبط اور جیل انتظامیہ کی طرف سے قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمنان کا اظہار کیا۔

اس موقع  دونوں معزز جج صاحبان نے معمولی نوعیت کے جرم میں قید مجموعی طور پر 4 قیدیوں  کو ذاتی طور پر مچلکوں  پر رہا کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔جیل حکام کے بیان کے  مطابق جج صاحبان کے حکم پر مذکورہ قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔