حریت رہنماؤں اور تنظیموں کی طرف سے رئیس احمد گنائی کے جاں بحق ہونے پر غم و غصہ کا اظہار 

 
0
358

سرینگر فروری 1(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے چند روز قبل بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چند روز قبل زخمی ہونیوالے کشمیری نوجوان رئیس احمد گنائی کے گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہونے پر شدیدغم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 17سالہ رئیس احمد 27جنوری کو ضلع شوپیان کے علاقے گنو پورہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر اندھا دھدندفائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گیا تھا اور وہ صورہ ہسپتال سرینگر میں چار روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بدھ کے روز چل بساتھا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جو گھر میں مسلسل نظربند ہیں رئیس کی نماز جنازہ کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب میں شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت جس نے برطانوی سامراج سے آزادی کی تحریک کے دوران صرف ایک جلیاں والا باغ کا مشاہدہ کی تھا کی فوج کشمیر میں روز نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر کے اس سانحے کی یاد تازہ کرتی ہے ۔

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ کشمیریوں کے قتل عام پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے بڑے پیمانے پر نسل کشیُ کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں رئیس احمد سمیت مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کے حالیہ واقعات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دل غمگسار ہیں کیونکہ روزانہ ہم بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہونیوالے کسی نہ کسی نوجوان کی میت اٹھاتے ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں شائد ہی کوئی ایسا علاقہ ہو گا جہاں بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے خون سے ہولی نہ کھیلی ہو ۔ جماعت اسلامی ،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ،مسلم لیگ جموں وکشمیر، پیپلز فریڈم لیگ ،پیروان ولایت اور وائس آف وکٹمز نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شوپیان رئیس احمد کے جان بحق ہونے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کی آڑ میں اپنے مذموم عزائم کے تکمیل منصوبے پر گامزن اور کشمیریوں کی بے دریغ نسل کشیُ کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔بیانات میں شہید نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاگیا کہ بھارت نے کشمیر میں چنگیز یت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔