اظہار رائے کی آڑ میں عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع 

 
0
313

لاہور فروری 1( ٹی این ایس) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اظہار رائے کی آڑ میں عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ مضبوط اور حقیقی جمہوری دور حکومت میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے ۔مضبوط اور حقیقی جمہوری دور حکومت میں ہمیشہ اظہار رائے کی مکمل آزادی ہوتی ہے۔ہر فرد کو اپنا نقطہ نظر بیان کرنے اور عوامی مسائل پر بات کرنے کا پورا حق ہوتا ہے ۔لیکن حالیہ دنوں میں انتہائی احساس موضوعات پر اظہار رائے کی آڑ میں انٹرنیشنل سطح پر ملک کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔گزشتہ روز نجی ٹی وی کے اینکر پرسن کی جانب سے حساس موضوع پر حقائق کے برعکس اور صحافت کے اصولوں سے ہٹ کر پروگرام کیا گیا ہے ۔اس پروگرام میں عالمی سطح پر پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔جو انتہائی قابل مذمت ہے۔لہذا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ میڈیا ہاؤسز کو پابند کرے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کریں ۔جعلی،بے بنیاد اور حقائق کے برعکس خبریں نہ آن ایئر چلائے اور نہ اخبارات میں شائع کرے اور احساس معاملات کی رپوٹنگ بھی حقائق کے مطابق ہی ہونی چاہیے۔