اسرائیل میں مقیم افریقی تارکینِ وطن کو بے دخلی کے لیے نوٹس جاری

 
0
459

مقبوضہ القدس،فروری 05(ٹی این ایس):اسرائیلی حکام نے ملک میں مقیم ہزاروں افریقی تارکینِ وطن کی بے دخلی کے لیے نوٹس جاری کرنا شروع کردئیے،عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیل نے ان تارکین وطن میں تقسیم کیے گئے خطوط میں کہاکہ ان کے پاس اس پیش کش کو قبول کرنیکے لیے 60 دن کا وقت ہے ۔وہ اگر ایک افریقی ملک میں منتقلی پر رضا مند ہوجاتے ہیں تو انھیں 35 سو ڈالرز اور طیارے کا ٹکٹ دیا جائے گا لیکن جو تارکینِ وطن یکم اپریل تک اس پیش کش کو قبول نہیں کریں گے انھیں غیر معینہ مدت کے لیے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔اسرائیل میں اس وقت قریباً چالیس ہزار افریقی تارکین وطن مقیم ہیں۔ ان میں زیادہ تر کا تعلق اری ٹیریا اور سوڈان سے ہے ۔ وہ حالیہ برسوں کے دوران میں بہتر معاشی مواقع کی تلاش میں اسرائیل آگئے تھے۔ان میں سے بہت سوں نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ انھیں افریقی ملک روانڈا بھیجا جا سکتا ہے،ان افریقی تارکینِ وطن کی اسرائیل سے جبری بے دخلی کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے اور پائیلٹوں ، ڈاکٹروں ، یہودی ربیوں اور ہولو کاسٹ میں زندہ بچ جانے والوں نے اسرائیلی حکومت سے ان کی بے دخلی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ یہ ایک غیر اخلاقی عمل ہے اور اس سے اسرائیل کا یہودی تارکینِ وطن کی آماج گاہ کے طور پر تشخص بھی متاثر ہوگا۔