ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی میں 2سال کا عرصہ لگے گا‘ نجم سیٹھی

 
0
326

لاہور فروری 7(ٹی این ایس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی میں 2سال کا عرصہ لگے گا،پی ایس ایل نے قومی ٹیم کو محدود اوور کی کرکٹ کے لیے تیار کر دیا تاہم ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے مزید تیاری درکار ہے۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کی وجوہات کا صحیح تعین کوچ اور مینیجر کی رپورٹ آنے کے بعد کیا جا سکے گا۔پاکستان کے پرانے اسٹار کھلاڑی اب بوڑھے ہو رہے ہیں اس لیے ہمیں ایک نئی ٹیم تیار کرنی پڑ رہی ہے اور نئے کھلاڑیوں کو اسٹار بنانے میں وقت لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہماری کارکردگی تسلی بخش ہے لیکن ایک روزہ کرکٹ میں کمزور ہیں اور اب ہماری تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر ہے اور اس کی تیاری کر رہے ہیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور مڈل آرڈر میں متبادل بھی مل گئے ہیں جنہیں میچور ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔کھلاڑیوں کے جدید طرز کی کرکٹ نہ کھیلنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ماڈرن کوچز ہیں اور اچھے کھلاڑی ہیں سب اچھا ہو جائے گا۔ایک اور سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی کی ٹیم میں بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آ چکے ہیں جب کہ سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں یہاں آئیں اور اب مارچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم آرہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ جو نقصان ہونا تھا وہ ہوگیا اور اب ہم اسے واپس کر رہے ہیں، آئندہ 12 ماہ میں آپ کو کوئی نئی جھلک بھی دکھائیں گے۔