این اے 154: نون لیگ نے لودھراں کا معرکہ مارلیا، پی ٹی آئی کو بدترین شکست

 
0
264

لودھراں، فروری 13 (ٹی این ایس): شہر بھر میں شیر کی دھاڑ، این اے 154 کے ضمنی الیکشن میں نون لیگ کامیاب، پیر اقبال شاہ نے میدان مار لیا، پی ٹی آئی کے علی ترین کا دوسرا نمبر، لیگی کارکنان کا جشن، نعرے بازی اور ہوائی فائرنگ۔

حلقے کے تمام 338 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر اقبال شاہ 116590 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے علی ترین خان 91230 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے ملک اظہر 9507 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے مرزا محمد علی بیگ نے 3148 ووٹ حاصل کئے ہیں۔

واضح رہے کہ کامیاب ہونے والے پیر اقبال شاہ شہر کے ممتاز مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے صاحبزادے دنیا پور سے نون لیگ کے ایم پی اے ہیں۔

نون لیگ کے رہنماء کی کامیابی کا امکان روشن ہوتے ہی لیگی کارکنان گھروں سے باہر نکل آئے اور اقبال شاہ کے ڈیرے پر پہنچ کر جشن منانا شروع کر دیا۔ متوالوں نے فتح کی خوشی میں خوب بھنگڑے ڈالے۔ کچھ منچلوں نے فائرنگ بھی کی اور الیکشن کمیشن کی پابندیوں کو ہوا میں اڑا دیا۔ لیگی کارکنان نے  شیر اِک واری فیر  کے بھرپور نعرے بھی لگائے۔ مریم نواز نے بھی نون لیگ کی فتح پر اپنے ٹویٹر پیغامات میں مسرت کا اظہار کیا۔