ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں مثالی تعلقات ہیں،وفاقی وزیر تعلیم کی ترک سفیر مصطفی یردکل سے گفتگو

 
0
403

اسلام آباد، فروری 15 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،تعلیمی شعبہ کیلئے فنڈنگ بڑھانے سے سکول نہ جانیوالے طلباء کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ،ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں مثالی تعلقات ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے یہ بات بدھ کو پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یردکل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے تعلیم کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔انجینئر بلیغ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی شعبہ کیلئے فنڈنگ بڑھانے سے سکول نہ جانے والے طلباء کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں طلباء کے داخلہ کی شرح بڑھائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی دوسرے ممالک کے طلباء بھی پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ اس موقع پر ترک سفیر مصطفی یردکل نے کہا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے طلباء بھی پاکستان میں زیر تعلیم ہیں اور وہ طلباء پاکستان کے تعلیمی معیار سے بھی مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستانی طلباء کو وظائف بھی دے گا۔