پاکستان و سعودی عرب کے درمیان مشترکہ بحری مشق افعیٰ الساحل کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر

 
0
273

کراچی، فروری 15 (ٹی این ایس): پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی اسپیشل آپریشن فورسز کے درمیان کراچی میں منعقد ہونے والی مشترکہ بحری مشق افعیٰ الساحل کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ مشق کے پہلے مرحلے کے دوران زمینی اور ہاربر سر گرمیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں بحری سپیشل آپریشنز کی قبل از مشق ریہرسل کی گئی۔

مشق افعیٰ الساحل کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز اور دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انسانی اسمگلنگ ، بحری قذاقی اور دہشت گردی جیسے مختلف النوع میری ٹائم خطرات سے نمٹنا ہے۔ اِس مشق سے دونوں ملکوں کو درپیش روایتی خطرات کے خلاف مشترکہ صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ بحری مشق افعیٰ الساحل پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی اسپیشل آپریشن فورسز کی باہمی مشق ہے جو سال 2011سے باقاعدگی سے منعقد کی جارہی ہے۔مشق کا پہلا مرحلہ سی فیزکی شروعات پر اختتام پزیر ہوگاجس میں میری ٹائم سپیشل آپریشنزکا انعقاد کیا جائے گا۔

کراچی میں بحری مشق افعیٰ الساحل کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی میرینز فورسز کے درمیان سعودی عرب میں دیرہ الساحل کے نام سے بھی بحری مشق جاری ہے۔ پیشہ ورانہ مہارتوں اور صلاحیتوں بالخصوص ساحلی دفاع ،ملٹری آپریشنز اور اربن ٹیرین کا مظاہرہ ، لینڈنگ کرافٹ یوٹیلٹی سے ساحل پر لینڈنگ اور کیموفلاج اور کنسیلمنٹ ٹیکنیکس سے سنائپرز کی تربیت اس مشق کا حصہ ہیں۔